جموں،24 ؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقہ میں دہشت گردوں اور سیکورٹی دستوں کے درمیان جاری تصادم میں سیکورٹی دستوں نے ایک دہشت گرد کو مار گرایاہے۔ سیکورٹی دستوں نے علاقہ میں چھپے دیگر دہشت گردوں کو پکڑنے کے لئے پورے علاقہ کی گھیرابندی کر تلاشی مہم جاری رکھی ہے۔
جمعہ کی صبح کوکرناگ علاقہ کے گڈول محلہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر فوج، پولس اور سی آر پی ایف کے ایک مشترکہ دستے نے پورے علاقہ کو گھیر کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران علاقہ میں چھپے دہشت گردوں کے ساتھ سیکورٹی دستوں کا تصادم شروع ہو گیا۔ اس تصادم میں اب تک سیکورٹی دستوں نے ایک دہشت گردکو مار گرایا ہے۔ سیکورٹی دستوں کے ذریعہ دہشت گرد کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ اس کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔
ایس ایس پی اننت ناگ الطاف خاننے کوکرناگ تصادم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو سے تین دہشت گردسیکورٹی دستوں کے گھیرے میں ہیں۔ اب تک ایک دہشت گردکو مار گرایا گیا ہے۔ اس دوران تصادم کے پیش نظر انتظامیہ نے اننت ناگ ضلع میں موبائل انٹرنیٹ سروس منسوخ کر دی ہے۔ تصادم کے دوران مقامی نوجوانوں نے سیکورٹی دستوں پر پتھر بازی اور نعرے بازی شروع کر دی ہے۔ سیکورٹی دستوں نے مشتعل مظاہرین کی بھیڑ کو بھگانے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد پرتشدد جھڑپیں شرو ع ہو گئیں۔ اس میں ایک نوجوان یاور احمد زخمی ہو گیا۔ اسے علاج کے لئے اننت ناگ اسپتال لے جایا گیا۔